محکمہ داخلہ سندھ نے امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر 29 نومبر کو متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو ریلی اور جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کےمطابق ایم کیو ایم نے 29 نومبر کو شارع فیصل پر ریلی نکالنے اور باغ جناح میں جلسہ کرنے کی اجازت طلب کر رکھی ہے ۔
تاہم صوبائی محکمہ داخلہ نے امن و امان کی صورتحال کے باعث دونوں اجتماعات کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 29 نومبر کو سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی) نے بھی جلسے کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے لیے پارٹی کی جانب سے گزشتہ ماہ ہی درخواست جمع کرائی گئی تھی۔ محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کی جانب سے ریلی اور جلسے کی اجازت کے لیے درخواست محض 3 روز قبل موصول ہوئی، جبکہ سندھ ترقی پسند پارٹی نے اپنے جلسے کے لیے ایک ماہ قبل درخواست دے دی تھی۔
ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی جماعتوں کے اجتماعات کے حوالے سے موصول ہونے والی درخواستوں کے وقت اور شہر کی امن و امان کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم کیو ایم کو اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔





