پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے ایک شہری کو دوسرے مقدمے میں ٹرائل کے لیے منتقل نہ کیے جانے کے باعث تقریباً دس سال تک جیل میں رکھنے کا معاملہ سنگین انتظامی غفلت قرار دیتے ہوئے خیبرپختونخوا حکومت اور ذمہ دار سابق ضلعی افسران کو مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے معاوضہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس عتیق شاہ نے امین حسین کی طویل حراست سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ شہری کی زندگی کے ضائع ہونے والے دس سال کسی مالی معاوضے سے واپس نہیں لائے جا سکتے، تاہم ریاست پر لازم ہے کہ اس ناانصافی کا ازالہ کرے۔
عدالت نے حکم دیا کہ معاوضے کی نصف رقم، یعنی 50 لاکھ روپے، خیبرپختونخوا حکومت 60 روز کے اندر ادا کرے، جبکہ باقی 50 لاکھ روپے طویل حراست کے ذمہ دار قرار پانے والے افسران کے ذاتی وسائل سے وصول کیے جائیں۔
فیصلے میں چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس کو 15 روز کے اندر ذمہ دار افسران کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ معاوضے کی ادائیگی نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ افسران کی تنخواہوں یا دیگر سرکاری مراعات سے رقم وصول کی جا سکتی ہے۔
شہری دس سال تک جیل میں کیوں رہا
عدالتی فیصلے کے مطابق امین حسین کو یکم دسمبر 2014 کو منشیات کے مقدمے میں کراچی سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا۔ وہ 24 مئی 2016 کو اس مقدمے کی سزا مکمل کرچکے تھے، تاہم ضلع کرم میں والد کے قتل کے ایک الگ مقدمے میں مطلوب ہونے کے باعث انہیں رہا نہیں کیا گیا۔
امین حسین کو قتل کے مقدمے میں ٹرائل کا سامنا کرنے کے لیے کرم منتقل کیا جانا تھا۔ اس مقصد کے لیے کراچی جیل حکام اور سندھ محکمہ داخلہ نے خیبرپختونخوا کے متعلقہ حکام، ضلع کرم اور کوہاٹ کی انتظامیہ سے متعدد مرتبہ رابطہ کیا، لیکن منتقلی کے لیے مؤثر اقدامات نہ کیے جا سکے۔
نتیجتاً شہری دوسرے مقدمے میں ٹرائل کے بغیر مسلسل زیرِ حراست رہا۔
انکوائری میں کن افسران کی غفلت سامنے آئی
پشاور ہائیکورٹ نے 8 جون کو معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ تحقیقات میں مختلف ادوار کے ضلعی انتظامی اور پولیس حکام کی کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی۔
انکوائری کے مطابق سابق اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ اپر کرم نے شہری کی منتقلی کے لیے لیویز سیکیورٹی اسکواڈ کا انتظام نہیں کیا، جبکہ بعد میں تعینات اسسٹنٹ کمشنر بھی ضروری کارروائی کرنے میں ناکام رہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ کرم پولیس نے 2019 سے 2026 کے دوران پراسیکیوشن کی جانب سے بھیجی گئی درخواستوں کا جواب نہیں دیا، جس کے باعث شہری کی منتقلی اور مقدمے کی کارروائی میں مزید تاخیر ہوئی۔
عدالت نے متعلقہ حکام کو ذمہ دار افسران کا تعین کرنے اور مقررہ مدت میں معاوضے کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔





