اسلام آباد: دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ لیبیا کے ساحل کے قریب پاکستانی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کی اطلاعات کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی، اور طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ حقائق معلوم کرنے کے لیے لیبیائی حکام سے رابطے میں ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان نے میڈیا میں سامنے آنے والی خبروں کا نوٹس لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امید اور دعا کرتا ہے کہ یہ اطلاعات درست ثابت نہ ہوں۔
ترجمان کے مطابق طرابلس میں پاکستانی سفارت خانہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ کشتی میں پاکستانی شہری سوار تھے یا نہیں۔ سفارت خانے نے اس سلسلے میں لیبیائی حکام، عالمی ادارہ برائے مہاجرت (آئی او ایم) اور دیگر متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مصدقہ معلومات دستیاب ہوتے ہی مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔





