کراچی: معروف پاکستانی گلوکار شفقت امانت علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ خون کے کینسر کی ایک قسم "ملٹیپل مائیلوما" میں مبتلا ہیں۔
شفقت امانت علی نے یہ انکشاف کراچی میں 28 نومبر کو ہونے والے اپنے کنسرٹ کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں کنسرٹ کی ریہرسل میں کافی وقت لگا، کیونکہ وہ ایک انتہائی مشکل دور سے گزر رہے تھے، جس نے انہیں، ان کے خاندان اور دوستوں کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کچھ دوستوں سے بھی یہ بات چھپا رکھی تھی۔
گلوکار نے بتایا کہ ان کی بون میرو بائیوپسی کی رپورٹ کلیئر آئی ہے، تاہم انہیں ابھی اسٹیم سیل تھراپی کے عمل سے گزرنا ہے۔ ان کے مطابق آٹو ٹرانسپلانٹ تک وہ ہر ہفتے ادویات لے رہے ہیں، جو ایک طرح کی بہت ہلکی کیموتھراپی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ پہلے سے کافی بہتر ہیں۔
واضح رہے کہ شفقت امانت علی نے پاکستان کے ساتھ ساتھ بالی وڈ میں بھی کئی مقبول گیت گائے ہیں، جن میں "متوا"، "تیرے نیناں"، "بن تیرے"، "تیری جھکی نظر" اور "آنکھوں کے ساگر" شامل ہیں۔





