ممبئی: بالی وڈ اداکارہ دیا مرزا کی اداکار نواز الدین صدیقی کے بارے میں انسٹاگرام پوسٹ پر مداح حیران ہیں۔ دیا مرزا نے پوسٹ میں نواز الدین کے ساتھ کام کو "خوفناک تجربہ" قرار دیا تھا۔

دیا مرزا نے نواز الدین کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ "نہ بات کرنے کی تمیز ہے اور رویہ الگ ہی سطح کا ہے، بالکل جارحانہ کردار ہے"۔ اداکارہ نے یہ وضاحت نہیں کی کہ ان کا اشارہ کس واقعے کی طرف ہے۔
جواب میں نواز الدین صدیقی نے لکھا کہ "رویے میں کمی نکالنا آسان ہے، کام میں نکال کر دکھائیے"۔

دونوں اداکاروں کی پوسٹس پر کئی مداح حیران نظر آئے۔ متعدد سوشل میڈیا صارفین نے اسے حقیقی تنازع کے بجائے پبلسٹی اسٹنٹ قرار دیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ پوسٹس دونوں کے آنے والے پراجیکٹ "ڈاکٹر حسن" کی تشہیر کا حصہ ہیں، جس میں میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
ایک صارف نے لکھا کہ "اگر آپ اپنے پراجیکٹ کی تشہیر کے لیے ایسے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں تو براہِ کرم ایسا نہ کریں، یہ انتہائی افسوسناک ہے"۔
دونوں اداکاروں کی جانب سے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی۔





