کیلیفورنیا: میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل اپنا معیاری آئی فون 18 روایتی ستمبر کے بجائے مارچ 2027 میں متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ آئی فون ایئر 2 اور نسبتاً کم قیمت آئی فون 18 ای بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
جنوبی کوریا کے ایک ٹیکنالوجی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایپل اپنے لانچ شیڈول میں تبدیلی کر رہا ہے۔ نئی حکمتِ عملی کے تحت پریمیم ماڈلز سال کے دوسرے نصف میں، اور معیاری اور کم قیمت فونز اگلے سال موسمِ بہار میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔ ایپل نے رواں سال ستمبر کے لانچ ایونٹ میں معیاری آئی فون 18 کے بجائے آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور آئی فون ڈیو متعارف کرائے تھے۔
فوربز اور میک رومرز کی رپورٹس میں بھی کہا گیا ہے کہ ایپل اگلے سال آئی فون 18، آئی فون 18 ای اور آئی فون ایئر 2 پیش کر سکتا ہے۔ بعض صنعتی اندازوں کے مطابق یہ فونز مارچ یا اپریل 2027 میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شیڈول میں تبدیلی کی ایک بڑی وجہ مینوفیکچرنگ اور سپلائی چین کے انتظامات ہیں۔ ڈسپلے بنانے والی کمپنیوں نے ایپل کے پریمیم فونز کے لیے جدید او ایل ای ڈی پینلز کی تیاری کو ترجیح دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایل جی ڈسپلے دسمبر 2026 کے آخری ہفتوں میں، اور سام سنگ ڈسپلے جنوری 2027 میں نئے پینلز کی بڑے پیمانے پر تیاری شروع کر سکتی ہے۔
اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو یہ پہلا موقع ہوگا کہ ایپل اپنا معیاری فلیگ شپ آئی فون ستمبر کے بجائے اگلے سال موسمِ بہار میں پیش کرے گا۔ ایپل کی جانب سے نئے ماڈلز، ان کی خصوصیات یا لانچ کی تاریخوں کے بارے میں تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔





