کیف: امریکا، چین اور روس کے صدور کی سہ فریقی ملاقات کے چند گھنٹوں بعد روس نے یوکرین پر بڑا حملہ کرتے ہوئے 400 سے زائد ڈرون اور 110 سے زیادہ میزائل داغے۔ حملوں میں آٹھ افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق داغے گئے میزائلوں میں 27 بیلسٹک میزائل بھی شامل تھے۔ یوکرینی حکام کے مطابق روس نے دارالحکومت کیف سمیت ملک کے نو علاقوں کو نشانہ بنایا۔ حملوں سے کیف میں آسٹریا اور نیدرلینڈز کے سفارت خانے بھی متاثر ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولینڈ نے روس پر اپنی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ نے یوکرین کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس کو ان حملوں کا جواب دینا ہوگا۔
روس کی جانب سے حملوں پر تاحال کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو چین کے شہر شینزین میں ایپک سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی ملاقات ہوئی تھی۔ ملاقات میں روسی صدر نے کہا تھا کہ اگر تینوں ممالک تعمیری تعاون کریں تو عالمی استحکام مضبوط ہو سکتا ہے۔





