نئی دہلی: وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ آج پوری انسانی تاریخ کو ایک ہی خطرے کا سامنا ہے، اور وہ خطرہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔
نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمہ فورم سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان اپنی تہذیبی تاریخ کے تین اہم ادوار کا امین ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تاریخی روابط شمال میں بخارا اور سمرقند تک، اور مغرب میں ایران اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ دہلی کا پرانا قلعہ بذاتِ خود تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسطی ایشیا سے آنے والے ہمایوں نے اس قلعے کی بنیاد رکھی، اور مختلف ادوار کے حکمرانوں نے مل کر اس کے ورثے کو تشکیل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک دوسرے کے حریف ہمایوں اور شیر شاہ سوری آج ایک ہی قلعے کی تاریخ کا حصہ ہیں۔
مصدق ملک 20 سے 22 نومبر تک جاری رہنے والے اس فورم میں پاکستانی وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔ یہ مئی 2025 کی پاک بھارت فوجی کشیدگی کے بعد کسی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔





