اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر ڈاکٹروں کے بورڈ نے فیصلہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سرجری کی ضرورت ہے تو حکومت اس کی سہولت فراہم کرے گی۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ علاج معالجے کے حوالے سے عمران خان کے ساتھ کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی گئی، اور عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
پی ٹی آئی سے مذاکرات کے حوالے سے مشیر وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتی تھی، اور ناکامی کے بعد بات چیت پر آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاملات اچھے طریقے سے طے کرنے کی کوشش کی، لیکن پی ٹی آئی انکار کرتی رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے کہ مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کیے جائیں، اور یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی ڈیل یا ڈھیل زیرِ غور ہے۔
نئے صوبوں کے معاملے پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ معاملہ جلد پارلیمنٹ میں پہنچے گا، جہاں اس پر بحث ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا معاملہ نہیں جو کسی ایک شخص کی بات سے حل ہو جائے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے حال ہی میں بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو لکھے گئے خط میں دعویٰ کیا تھا کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ بشریٰ بی بی نے بھی بینائی متاثر ہونے پر اسپتال منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔





