اسلام آباد: محکمہ موسمیات پاکستان (پی ایم ڈی) نے مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیر اثر 6 اور 7 اکتوبر کو ملک کے بالائی علاقوں میں بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق یہ موسمی نظام 7 اکتوبر تک پاکستان کے بالائی علاقوں پر اثر انداز رہنے کا امکان ہے، جس کے باعث بعض مقامات پر بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان سمیت مختلف اضلاع میں بارش اور گرج چمک کا امکان ہے۔
پنجاب اور اسلام آباد میں بھی بارش اور گرج چمک کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گجرات، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا اور فیصل آباد سمیت گردونواح کے اضلاع شامل ہیں۔
کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بھی دو روز کے دوران بارش، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔
سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ تاہم 6 اکتوبر کو ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں بعض مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور گرج چمک ہو سکتی ہے۔
موسمی نظام سے متاثرہ علاقوں میں دن کے درجہ حرارت میں تقریباً دو سے چار ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز، گاڑیوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
کسانوں کو موسمی صورتحال کے مطابق زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔





