اسلام آباد: گلگت بلتستان میں جمعرات کو شاہراہ قراقرم پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے، جبکہ بارش اور برف باری کے باعث مختلف علاقوں میں آمدورفت متاثر ہوئی اور متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں۔
پولیس نے جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت عارف حسین اور کاشف علی کے نام سے کی ہے، جو ضلع نگر کے علاقے گلمت کے رہائشی تھے۔
پولیس کے مطابق دونوں افراد جمعرات کی صبح شاہراہ قراقرم پر سفر کر رہے تھے کہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقے پسان کے قریب پہاڑ سے گرنے والا ایک پتھر ان کی گاڑی سے ٹکرا گیا۔
حادثے میں دونوں افراد زخمی ہوئے اور انہیں سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
انتظامیہ کے مطابق بدھ اور جمعرات کو ہونے والی بارش کے باعث ضلع نگر میں متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات پیش آئے۔
گلگت بلتستان پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع نگر میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث شاہراہ قراقرم کے مختلف حصوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو رہی ہے۔ تاہم شاہراہ ٹریفک کے لیے کھلی ہے۔
پولیس نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل سڑکوں کی صورتحال معلوم کرنے کے لیے ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں برف باری جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے بابوسر ٹاپ پر برف باری کے باعث بابوسر پاس روڈ کو عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔
پولیس نے سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بدھ کی رات بابوسر پاس کے راستے گلگت بلتستان جانے والے متعدد سیاح بابوسر ٹاپ کے قریب برف میں پھنس گئے تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق دیامر پولیس کے اہلکاروں نے ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے برف میں پھنسے مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
ٹورسٹ پولیس نے بھی خبردار کیا ہے کہ خنجراب ٹاپ پر برف باری کے باعث شاہراہ قراقرم پر سفر خطرناک ہو سکتا ہے۔
سڑک پر پھسلن کے باعث خنجراب پاس کے راستے پاکستان اور چین کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی ہے۔
استور، سکردو، گانچھے، شگر، کھرمنگ، ہنزہ اور نگر کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کا سلسلہ جاری رہا، جس سے مقامی آبادی اور ٹرانسپورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔
متعدد رابطہ سڑکیں بند ہونے کے باعث متاثرہ علاقوں کی آبادی کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام نے شہریوں اور مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ علاقے میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری رہنے کے دوران سفر سے قبل سڑکوں کی صورتحال معلوم کریں اور پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔





