لاہور: محکمہ بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب حکومت نے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کے لیے صفائی فیس نافذ کر دی ہے۔
فیس کی وصولی کی ذمہ داری پنجاب کے محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کو سونپی گئی ہے۔ ان فیسوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہو چکا ہے۔
وصولی کے نظام کے تحت محکمہ ایکسائز اکتوبر میں جولائی، اگست اور ستمبر کی صفائی فیس پر مشتمل یکجا بل جاری کرے گا۔ صارفین کو 31 اکتوبر تک بل ادا کرنا ہوں گے، جبکہ آن لائن ادائیگی کی سہولت 15 اکتوبر تک دستیاب ہونے کی توقع ہے۔
شہری علاقوں میں رہائشی جائیدادوں کے لیے ماہانہ فیس کا تعین جائیداد کے رقبے کے مطابق کیا گیا ہے۔ پانچ مرلے تک کے گھروں سے ماہانہ 300 روپے جبکہ پانچ سے 10 مرلے تک کے گھروں سے 500 روپے وصول کیے جائیں گے۔
10 سے 20 مرلے تک کے گھروں کے لیے ماہانہ فیس ایک ہزار روپے اور 20 سے 40 مرلے تک کی جائیدادوں کے لیے دو ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ 40 مرلے سے زائد رقبے کے گھروں سے ماہانہ پانچ ہزار روپے وصول کیے جائیں گے۔
کمرشل جائیدادوں کے لیے فیس کاروبار کے حجم کے مطابق مقرر کی گئی ہے۔ چھوٹے کاروبار ماہانہ 500 روپے، درمیانے درجے کے کاروبار ایک ہزار روپے جبکہ بڑے کاروبار تین ہزار روپے ادا کریں گے۔
یہ فیس صوبائی حکومت کے ستھرا پنجاب ویسٹ مینجمنٹ پروگرام کے تحت وصول کی جائے گی۔





