اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے کمی کر دی ہے، جو مسلسل گیارہویں کمی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق آج 18 نومبر سے پیٹرول 328 سے کم ہو کر 325 روپے فی لیٹر میں فروخت ہوگا، جبکہ ڈیزل کی قیمت 358 روپے فی لیٹر برقرار رہے گی۔

حکومت اس وقت پیٹرول پر فی لیٹر 114 روپے اور ڈیزل پر 100 روپے ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔ 2 نومبر سے 30 روز کے لیے آئل ریفائنریز پیٹرولیم لیوی میں 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کر رہی ہیں، جس سے صارفین کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 71 پیسے کمی ممکن ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ 28 فروری کو امریکا ایران جنگ شروع ہونے کے بعد ایندھن کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا تھا، اور 3 اپریل کو پیٹرول 458 روپے 41 پیسے اور ڈیزل 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔ حکومت 17 جولائی سے عالمی منڈی کے رجحان کے مطابق قیمتوں پر تقریباً روزانہ نظرِ ثانی کر رہی ہے۔





