کراچی: وزارت پیٹرولیم کے مطابق ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی بردار جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔
نئے نظام کے تحت آنے والے اس پہلے بڑے ایل پی جی کارگو کی آمد پر پورٹ قاسم پر ایک تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مہمان خصوصی تھے۔
اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 ہزار میٹرک ٹن کا یہ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کی وجہ سے سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اس کارگو سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک ایل پی جی کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق آئندہ ہفتوں میں ایل پی جی کے مزید کارگو پہنچنے کی توقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں اس کی دستیابی بہتر ہوگی اور عوام کو ریلیف ملے گا۔





