اسلام آباد: حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں تین روپے فی لیٹر کمی کر دی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 319 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 357 روپے فی لیٹر پر برقرار رہے گی۔ نئی قیمتیں 24 نومبر کے لیے ہوں گی۔
حکومت پیٹرول پر 114 روپے اور ڈیزل پر 100 روپے فی لیٹر ٹیکس اور ڈیوٹیز وصول کر رہی ہے۔ 2 نومبر کو اعلان کردہ انتظام کے تحت آئل ریفائنریز 30 روز کے لیے پیٹرولیم لیوی میں 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کر رہی ہیں، جس سے صارفین کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 14 روپے 71 پیسے کمی ممکن ہوئی۔
واضح رہے کہ امریکا ایران جنگ کے باعث 3 اپریل کو پیٹرول کی قیمت 458 روپے 41 پیسے، اور ڈیزل کی قیمت 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ 17 جولائی سے حکومت عالمی منڈی کے رجحان کے مطابق قریباً روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین کر رہی ہے۔ گزشتہ ہفتے پیٹرول کی قیمت میں مسلسل 12 روز کی کمی کا سلسلہ ٹوٹ گیا تھا۔




