اسلام آباد: اقوام متحدہ کے ادارہ خوراک و زراعت (ایف اے او) نے پیش گوئی کی ہے کہ 2026 میں دنیا بھر میں غذائی اشیا کی درآمدات پر ہونے والے اخراجات 1.9 فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 2.27 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچ جائیں گے۔
ایف اے او کی تازہ رپورٹ فوڈ آؤٹ لک کے مطابق رواں سال عالمی غذائی درآمدات کا مجموعی بل 2 ہزار 267 ارب ڈالر رہنے کا امکان ہے، جبکہ اس سے قبل نظرثانی شدہ تخمینہ 2 ہزار 224 اعشاریہ 8 ارب ڈالر تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اخراجات میں اضافے کی بنیادی وجہ حیوانی مصنوعات، تیل دار بیجوں اور اناج کی درآمدات پر زیادہ رقم خرچ ہونا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ توانائی کی بڑھتی قیمتیں، موسمی تبدیلیاں اور عالمی ترسیلی نظام میں رکاوٹیں 2027 میں غذائی درآمدات کو مزید مہنگا کرسکتی ہیں۔
اناج اور تیل دار بیجوں کی درآمدات مہنگی
ایف اے او کے مطابق چار سال میں پہلی مرتبہ اناج اور تیل دار بیجوں کی درآمدات پر عالمی اخراجات میں اضافہ متوقع ہے۔
رپورٹ میں اناج کی درآمدات کا بل 3 فیصد، یعنی 8 اعشاریہ 9 ارب ڈالر بڑھنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اس اضافے کی ایک بڑی وجہ بلند متوسط آمدنی والے ممالک کی جانب سے خریداری میں بحالی ہے، جنہوں نے گزشتہ سال اپنی درآمدات میں نمایاں کمی کی تھی۔
دوسری جانب تیل دار بیجوں اور ان سے متعلق زرعی مصنوعات کی درآمدات پر اخراجات 9 اعشاریہ 9 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔
یہ اضافہ تقریباً 12 اعشاریہ 7 ارب ڈالر کے برابر ہوگا۔
ایف اے او کے مطابق خوراک تیار کرنے والی صنعتوں کی بڑھتی طلب اور عالمی منڈی میں قیمتوں کے بلند رہنے سے درآمدی بل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
تیل دار بیجوں کی درآمدات پر اضافی اخراجات کا تقریباً 70 فیصد حصہ بلند متوسط آمدنی والے ممالک سے منسوب کیا گیا ہے۔
متوسط آمدنی والے ممالک پر مالی دباؤ
رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ غذائی درآمدات کے بڑھتے اخراجات کا بوجھ مختلف معاشی گروہوں میں تبدیل ہو رہا ہے۔
2025 میں عالمی غذائی درآمدی بل میں اضافے کا تقریباً 79 فیصد حصہ زیادہ آمدنی والے ممالک سے متعلق تھا۔
تاہم 2026 میں یہ حصہ کم ہوکر صرف 13 فیصد رہنے کا امکان ہے۔
اس کے برعکس بلند متوسط آمدنی والے ممالک مجموعی اضافے کے تقریباً دو تہائی حصے کے ذمہ دار ہوں گے۔
ایف اے او کے مطابق کم اور متوسط آمدنی والے ممالک کا مجموعی غذائی درآمدی بل 4 اعشاریہ 9 فیصد بڑھ سکتا ہے۔
یہ اضافہ تقریباً 36 اعشاریہ 5 ارب ڈالر کے برابر ہوگا۔
بلند متوسط آمدنی والے ممالک کے اخراجات میں 5 اعشاریہ 1 فیصد، یعنی 28 اعشاریہ 3 ارب ڈالر اضافے کا تخمینہ ہے۔
نچلے متوسط آمدنی والے ممالک کو بھی 5 اعشاریہ 3 ارب ڈالر اضافی خرچ کرنا پڑ سکتے ہیں، جس کی بنیادی وجہ خوردنی تیل اور تیل دار بیجوں کی بڑھتی قیمتیں ہیں۔
توانائی کی قیمتوں اور ال نینو سے خطرات
ایف اے او نے خبردار کیا ہے کہ 2026 کے باقی عرصے اور 2027 کے لیے غذائی منڈی کی صورتحال غیر یقینی ہے۔
رواں سال کے وسط سے عالمی منڈی میں اناج اور چینی کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں، جبکہ خوردنی تیل کی قیمتیں بھی بلند سطح پر برقرار ہیں۔
توانائی کی بڑھتی قیمتوں کے باعث مال برداری کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس سے غذائی اشیا کی درآمد مزید مہنگی ہو رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آبنائے ہرمز میں نئی رکاوٹیں کھاد کی عالمی ترسیل متاثر کرسکتی ہیں، جس کے نتیجے میں 2027 میں زرعی پیداوار پر منفی اثرات پڑنے کا خدشہ ہے۔
اگرچہ اپریل کی بلند ترین سطح کے مقابلے میں کھاد کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، تاہم رسد سے متعلق خطرات موجود ہیں۔
ادارے نے ال نینو موسمی رجحان کی شدت میں اضافے کو بھی تشویش کا باعث قرار دیا ہے۔
اس کے اثرات مختلف خطوں اور فصلوں پر الگ الگ ہوسکتے ہیں۔
کمزور معیشتوں کے لیے مالی معاونت کی ضرورت
اقوام متحدہ کے ادارے نے عالمی برادری سے غذائی اشیا اور کھاد کی درآمدات کے لیے بروقت مالی وسائل فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایف اے او کے مطابق عالمی قیمتوں میں اضافے اور مالی امداد میں تاخیر سے غذائی درآمدات پر انحصار کرنے والے کمزور ممالک کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ بنیادی غذائی اشیا درآمد کرنے والے ممالک کے لیے بڑھتی قیمتیں ایک اہم معاشی مسئلہ بن سکتی ہیں، خصوصاً ان معیشتوں میں جہاں مالی وسائل محدود ہیں۔
ادارے نے خوراک کی عالمی رسد برقرار رکھنے اور درآمدات کے لیے مالی معاونت کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔




