میڈرڈ: اسپین کے جزائر کینری کے قریب تارکین وطن سے بھری کشتی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔
ہسپانوی خبر رساں ادارے ای ایف ای کے مطابق کشتی میں تقریباً 100 افراد سوار تھے، اور حادثے کے بعد 14 لاشیں نکال لی گئیں۔ اسپین کی میری ٹائم ریسکیو سروس کے مطابق ابتدائی طور پر کشتی سے 8 سے 10 لاشیں ملنے کی اطلاع تھی، جبکہ 6 افراد کو تشویشناک حالت میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔ کشتی جزیرہ ایل ہیرو سے 39 ناٹیکل میل (تقریباً 72 کلومیٹر) جنوب میں ملی، جسے بعد ازاں لا ایسٹاکا کی بندرگاہ منتقل کیا جا رہا تھا۔
اسی جزیرے کی بندرگاہ لا ریسٹنگا پر ایک اور کشتی سے 84 تارکین وطن کو زندہ اتارا گیا۔ اس بندرگاہ پر تارکین وطن کی ابتدائی طبی امداد کے لیے استقبالیہ مرکز اور عارضی اسپتال قائم ہے۔
جزائر کینری کے علاقائی سربراہ فرنینڈو کلاویخو نے سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسپین کی حکومت اور یورپی کمیشن سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ انسانی بحران ایل ہیرو کے ساحل سے نہیں، بلکہ سینیگال اور گیمبیا کے ساحلوں سے شروع ہوتا ہے، جہاں اقدامات کی ضرورت ہے۔
یہ حادثہ اسپین میں کل ہونے والے عام انتخابات سے قبل پیش آیا ہے، جن میں امیگریشن انتخابی مہم کا اہم موضوع بن چکی ہے۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز ملکی معیشت کے لیے تارکین وطن کی اہمیت کی حمایت کرنے والے یورپی رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں، جبکہ رائے عامہ کے جائزوں میں آگے دائیں بازو کی جماعتیں امیگریشن پر مزید سخت پابندیوں کا مطالبہ کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ جزائر کینری میں اکتوبر سے تارکین وطن کی آمد میں تیزی دیکھی جا رہی ہے، اور 25 نومبر کو ایک ہی دن میں تقریباً 2 ہزار 100 افراد وہاں پہنچے، جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔ ان میں سے بیشتر تقریباً 11 ہزار 400 آبادی والے جزیرے ایل ہیرو پہنچے۔





