اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پر موجود پاکستانی خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی سے ویڈیو کال پر رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم نے انہیں زمین کے مدار میں پہنچنے والے پہلے پاکستانی کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی، اور کہا کہ خلائی اسٹیشن پر ان کی موجودگی پاکستان اور قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔
اسلام آباد میں سپارکو ہیڈکوارٹرز سے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے وزیراعظم نے ذیشان علی کو بتایا کہ وہ اس وقت فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چینی سفیر، دیگر مہمانوں اور 24 کروڑ پاکستانیوں کے ہمراہ موجود ہیں۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے ذیشان علی کے خاندان، ساتھیوں اور انہیں تربیت فراہم کرنے والے تمام ماہرین کو بھی مبارکباد دی، اور ان سے کہا کہ وہ ان کی نیک تمنائیں اپنے چینی ساتھی خلا بازوں تک بھی پہنچائیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر علامہ اقبال کا شعر بھی سنایا:
محبت مجھے ان جوانوں سے ہے
ستاروں پہ جو ڈالتے ہیں کمند
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ذیشان علی کی کامیابی نے ایک ایسی نسل میں نیا عزم پیدا کیا ہے جو زمین کی سرحدوں سے نکل کر نئی بلندیوں تک پہنچنے کے لیے پرجوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا ہے، اور یہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری کی گہری مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج کو بھی اس کامیابی پر فخر ہے۔
پاکستانی خلا باز کا تاریخی مشن
محمد ذیشان علی 25 نومبر کو چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیوچوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے شینزو-24 مشن پر روانہ ہوئے تھے۔ خلائی جہاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوا، اور ان کے ساتھ چین کے 2 خلا باز تانگ ہونگ بو اور وو یی بھی مشن کا حصہ ہیں۔ خلائی جہاز تیانگونگ پہنچا، جہاں تینوں خلا باز پہلے سے موجود عملے میں شامل ہو گئے۔ ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہونے کے ساتھ چینی خلائی اسٹیشن پر پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بھی ہیں۔
40 سالہ ذیشان علی پاک فضائیہ کے فائٹر پائلٹ ہیں، اور انہوں نے چین میں کئی ماہ تک خصوصی تربیت حاصل کی، جس میں ہنگامی حالات سے نمٹنے، بقا کی مشقیں اور خلائی ماحول سے ہم آہنگی شامل تھی۔ مشن کے دوران وہ پاکستان اور چین کے مشترکہ خلائی پروگرام کے تحت سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔ روانگی سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر جا رہے ہیں۔
پاک چین خلائی تعاون
پاکستان اور چین نے فروری 2025 میں خلا بازوں کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ کیا تھا۔ اسی معاہدے کے تحت ذیشان علی اور پاک فضائیہ کے ایک اور پائلٹ خرم داؤد کو بیجنگ میں چین کے خلائی تحقیق و تربیتی مرکز میں تربیت کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
مشن کی روانگی کے بعد صدر آصف علی زرداری اور چینی صدر شی جن پنگ نے ایک دوسرے کو مبارکباد دی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو چینی سفیر سے ملاقات میں چینی قیادت اور عوام کو اس کامیابی پر مبارکباد دی تھی، اور صدر شی اور وزیراعظم لی چیانگ کے نام تہنیتی خطوط بھی ان کے حوالے کیے تھے۔





