ڈی آئی خان: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سی آر بی سی نہر کی بحالی سے ڈیرہ اسماعیل خان کے زمینداروں کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگیا ہے، جبکہ نہر کی عدم دستیابی کے عرصے کا ٹیکس معاف کرنے اور متاثرہ دیہات کو مالی پیکج دینے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
سی آر بی سی نہر کی بحالی کے موقع پر زمینداروں سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دامان کے زمینداروں کا واحد ذریعہ معاش نہر کے پانی سے وابستہ ہے۔ نہر پر کام مقررہ وقت سے پہلے مکمل ہونے سے کسانوں کو ریلیف ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن مہینوں میں نہر کا پانی دستیاب نہیں تھا، ان دنوں کا ٹیکس ختم کیا جائے گا، جبکہ نہر ٹوٹنے سے متاثر ہونے والے دیہات کو حکومتی پیکج دیا جائے گا۔
گورنر نے بتایا کہ چشمہ لفٹ کینال کا ٹینڈر پیر کو لاہور واپڈا ہاؤس میں کھولا جائے گا اور ایک ماہ کے اندر منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق چشمہ لفٹ کینال کی تکمیل سے گندم کی کمی کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سی پیک پر پینالہ انٹرچینج کا افتتاح بھی جلد کیا جائے گا، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو تسلسل کے ساتھ مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں الیکٹرک بسیں چلانے، آئی ہسپتال کا جلد افتتاح کرنے اور صحت کے شعبے میں سہولیات بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹروں کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا اور صحت کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
گورنر نے پولیس شہداء کے پیکج میں اضافے اور پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے لیے ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے سولر سسٹم نصب کیا جا رہا ہے، جبکہ سیف سٹی منصوبہ بھی جلد مکمل کیا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سیکیورٹی فورسز نے امن کے قیام کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے صفائی کے نظام میں بہتری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا





