اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اعلان کیا ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبل سسٹم ایس ایم ڈبلیو فائیو کی خرابی دور کر دی گئی ہے، اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز معمول کے مطابق بحال ہو گئی ہیں۔
پی ٹی اے کے ہفتے کو جاری بیان کے مطابق ایس ایم ڈبلیو فائیو کیبل مکمل طور پر فعال ہو گئی ہے، اور خرابی دور کرنے کے لیے ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس اور بین الاقوامی کیبل کنسورشیم نے مل کر کام کیا۔ اتھارٹی کے مطابق خرابی کے دوران انٹرنیٹ ٹریفک متبادل بین الاقوامی کیبلز کے ذریعے منتقل کی جاتی رہی، جس سے صارفین کی مشکلات کم سے کم رکھنے میں مدد ملی۔
پی ٹی اے نے تصدیق کی کہ کیبل کی بحالی کے بعد انٹرنیٹ سروسز اپنی معمول کی استعداد کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے نے 18 نومبر کو بتایا تھا کہ پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور ایس ایم ڈبلیو فائیو کیبل میں خرابی سامنے آئی ہے۔





