کراچی: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روحانی علاج کے نام پر خواتین سے آن لائن فراڈ کرنے والی ایک خاتون سے 25 لاکھ روپے برآمد کر لیے ہیں۔
ایجنسی کی جانب سے جمعے کو جاری بیان کے مطابق ملزمہ "قرآنی وظائف" کے نام سے ایک فیس بک پیج چلا رہی تھی، جس پر وہ خود کو پیرنی ظاہر کر کے مختلف مسائل کے روحانی علاج کی پیشکش کرتی تھی۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ اسی پیج کے ذریعے ایک خاتون کو نشانہ بنایا گیا، جس نے نومبر 2025 سے مختلف بینک اکاؤنٹس میں مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے منتقل کیے۔ بعد میں دھوکہ دہی کا احساس ہونے پر متاثرہ خاتون نے این سی سی آئی اے سے رجوع کیا، جس نے کارروائی کر کے رقم برآمد کر لی۔





