کراچی: کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کراچی نے ایک وفاقی حساس ادارے کے ساتھ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سندھو دیش لبریشن آرمی (ایس ایل اے) کے دو مبینہ اہم کارندوں کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے تیار آئی ای ڈی اور دستی بم برآمد ہوا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں، پولیس اور رینجرز کی اہم عمارتوں اور دفاتر کی ریکی کر کے ان پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں کالعدم ایس ایل اے کی جانب سے عسکری تربیت دی گئی تھی۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔





