اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں صوبوں نے آئین کے آرٹیکل 164 کے تحت وفاقی حکومت کو 57 ارب 46 کروڑ روپے کی گرانٹ دی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملکی تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ صوبوں نے وفاق کو گرانٹ دی ہو۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آرٹیکل 164 این ایف سی ایوارڈ سے الگ ہے، اور اس کے تحت وفاق اور صوبے کسی بھی قومی مقصد کے لیے ایک دوسرے کو گرانٹ دے سکتے ہیں۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں صوبوں سے مجموعی طور پر ایک ہزار 35 ارب روپے کی گرانٹ کا معاہدہ ہوا تھا۔ اس کے تحت پنجاب سے 555 ارب، سندھ سے 263 ارب، خیبرپختونخوا سے 157 ارب اور بلوچستان سے 58 ارب روپے لیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ بجٹ کی منظوری کے موقع پر طے پایا تھا کہ صوبے اسٹریٹجک ضروریات پوری کرنے کے لیے یہ رقم رضاکارانہ طور پر وفاق کو فراہم کریں گے۔ اس سے قبل وفاقی کابینہ نے صوبوں کی این ایف سی گرانٹ سے 35 ارب روپے کی یکمشت کٹوتی بھی کی تھی، جس کے بارے میں ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ آئی ایم ایف پروگرام کی شرائط کے تحت کی گئی ہے۔





