پشاور: خیبر پختونخوا کی سرکاری جامعات میں پیدا ہونے والے شدید مالی بحران کے پیش نظر صوبائی حکومت نے وفاق سے مالی سال 27-2026 کے لیے 18 ارب روپے کے خصوصی مالیاتی پیکج کی فراہمی کا باقاعدہ مطالبہ کرتے ہوئے خط لکھ دیا ہے۔
صوبائی حکومت نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) کے ذریعے اس خصوصی گرانٹ کی منظوری کا مطالبہ کیا ہے۔ خط میں تجویز کردہ 18 ارب روپے کے پیکج کو تین مختلف شعبوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں جامعات کے بقایا جات اور واجبات کی ادائیگی کے لیے 6 ارب روپے کی ون ٹائم گرانٹ، بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی کاموں کے لیے 6 ارب روپے، اور یونیورسٹی انڈومنٹ فنڈز کے لیے بطور سیڈ منی 6 ارب روپے مانگے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کے مطابق یہ اہم فیصلہ ہزاروں طلبہ اور تعلیمی ملازمین کے مستقبل سے جڑا ہوا ہے۔

جامعات کے مالی بحران اور درپیش چلینجز
وفاق کو ارسال کیے گئے خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ صوبے کی سرکاری یونیورسٹیاں اس وقت شدید مالی بحران کا شکار ہیں جس سے ان کی بقا خطرے میں پڑ چکی ہے۔ وفاقی سطح سے ملنے والی ریکرنگ گرانٹس ناکافی ہیں جبکہ دوسری جانب بجلی، گیس، لیب اور سیکیورٹی اخراجات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ خط میں نشاندہی کی گئی ہے کہ تنخواہوں اور پنشنز کا بھاری بوجھ اب جامعات کی برداشت سے باہر ہو چکا ہے، جبکہ دور دراز اضلاع میں قائم کی گئی نئی یونیورسٹیاں شدید ترین مالی مشکلات کا سامنا کر رہی ہیں۔
خط کے متن کے مطابق طالب علموں کی فیسوں پر انحصار زیادہ بڑھ چکا ہے لیکن موجودہ حالات میں فیسوں میں مزید اضافہ ممکن نہیں۔ مالی بحران کی وجہ سے صوبے کی متعدد یونیورسٹیاں بجٹ خسارے اور واجب الادا بلوں کے تلے دبی ہوئی ہیں جس کے باعث لیب، لائبریری، ہاسٹل اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔





