اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی ساری قیادت ایک دوسرے سے دست و گریباں ہے، یہ بانی پی ٹی آئی کو کیا رہا کرائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں لطیف کھوسہ اور سلمان اکرم راجہ کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں رہیں، تاکہ ان کی سیاست چلتی رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حمایتی اور پارٹی رہنما بانی پی ٹی آئی کے لیے قید سے بھی بڑی سزا ہیں۔
وزیر دفاع نے عمران خان کی جانب سے طبی بنیادوں پر ریلیف کی اپیل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو شخص جیل میں قید سیاسی مخالفین کی بیماریوں کا مذاق اڑاتا تھا، وہ آج مکافاتِ عمل کا شکار ہے، اور دوسروں کی تکلیف پر ہنسنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے چیف جسٹس کو خط لکھا تھا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ڈاکٹروں نے انہیں برین ہیمرج اور دل کے دورے کے خطرے سے آگاہ کیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ اگر ڈاکٹروں کے بورڈ نے سرجری تجویز کی تو حکومت سہولت فراہم کرے گی۔





