کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کسی کے ہاری یا غلام نہیں، اور ان سے بات کرتے ہوئے احتیاط کی جائے۔
کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم نے کبھی صرف سندھ، کراچی یا مہاجر صوبے کا مطالبہ نہیں کیا۔ ان کے مطابق جماعت نے پورے ملک میں آبادی اور انتظامی ضرورت کے مطابق نئے صوبے بنانے کی بات کی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنوینر نے سوال کیا کہ جب نئے صوبوں کی بات پورے پاکستان کے لیے ہو رہی ہے، تو خون ریزی کی باتیں صرف کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص اور نواب شاہ کے لیے کیوں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے امن و امان کے ذمہ دار اداروں سے اس معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، اور کہا کہ عدالتوں کو بھی ازخود نوٹس لینا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقے جو بات پہلے کرتے تھے، آج پورا پاکستان وہی بات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم دلیل دیتی ہے اور جواب میں بھی دلیل کی توقع رکھتی ہے، دھمکیوں کی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں سے پورا صوبہ معاشی طور پر مستفید ہوتا ہے، لیکن انہی علاقوں کے عوام کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے بجٹ کی آمدن میں کراچی کا حصہ 97 فیصد ہے، جبکہ بعض اعداد و شمار کے مطابق یہ 93 فیصد ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ باقی آمدن میں حیدرآباد، میرپورخاص، نواب شاہ اور سکھر کا کتنا حصہ ہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت اور جاگیردارانہ جمہوریت میں بڑا فرق ہے۔ ان کے بقول ملک میں سیاسی قیادت اکثر خاندانی اور موروثی بنیادوں پر سامنے آتی ہے، جس سے عوامی نمائندگی محدود ہو جاتی ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ نئے صوبوں کا مطالبہ نہ غداری ہے نہ سازش، بلکہ یہ ایک انتظامی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں نئے صوبے کا مقدمہ تاریخی، معاشی اور انتظامی لحاظ سے مضبوط ہے۔





