بھوپال: بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں کانگریس کے چیف ترجمان عباس حفیظ نے بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کو قرآنی آیات پر مشتمل لاکٹ پہن کر سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کرنے پر قانونی نوٹس بھجوا دیا ہے۔
نوٹس میں اداکارہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ یہ تصاویر سوشل میڈیا سے ہٹائیں اور مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح کرنے پر معافی مانگیں۔
عباس حفیظ کے مطابق یہ لاکٹ تاریخی طور پر سابق ریاست بھوپال کی بیگمات کے ورثے کا حصہ ہے، جو اسے زیور یا فیشن کے طور پر نہیں بلکہ مذہبی عقیدت کی علامت کے طور پر پہنتی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسے فیشن کی چیز کے طور پر پیش کرنا مناسب نہیں۔
عباس حفیظ کے وکیل نے وضاحت کی کہ اعتراض کرینہ کپور کے لاکٹ پہننے پر نہیں، بلکہ اس پر درج قرآنی آیت اور تصاویر کو سوشل میڈیا پر فیشن کے انداز میں پیش کرنے پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قرآنی آیات مقدس ہیں اور مسلمانوں میں ان کے احترام کے خاص آداب پائے جاتے ہیں، اسی لیے تصاویر ہٹانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عباس حفیظ نے واضح کیا کہ یہ ان کا ذاتی اقدام ہے، جسے کانگریس پارٹی، اس کے سیاسی مؤقف یا ان کے عہدے سے نہ جوڑا جائے۔ ان کے مطابق پارٹی کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔
کرینہ کپور کی جانب سے تاحال اس نوٹس پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔




