لاہور: پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے اپنی چھوٹی بہن کے علاج معالجے اور آخری رسومات کی ادائیگی میں مدد و تعاون فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اداکارہ کی چھوٹی بہن طویل عرصے تک موذی مرض کینسر کا مقابلہ کرنے کے بعد لندن میں انتقال کر گئی تھیں۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے مشکل ترین وقت میں ان کے خاندان کا ساتھ دیا اور لندن میں تدفین کے مراحل آسان بنانے کے لیے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر سے خود رابطہ کر کے تمام ضروری انتظامات کروائے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ان کی مرحوم بہن کی آخری رسومات باوقار طریقے سے ادا کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کی اس کاوش اور انسانی ہمدردی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں کی گئی یہ نیکی ان کا خاندان ہمیشہ یاد رکھے گا۔




