اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے پارٹی سربراہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود کی سکیورٹی واپس لینے کے حکومتی فیصلے کو "بدترین فسطائیت" قرار دیتے ہوئے سکیورٹی فوری بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
جے یو آئی کے رہنما سینیٹر کامران مرتضیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے گھر کی ناکہ بندی شروع کر دی گئی ہے اور "بلا اشتعال کارروائیاں" جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قانون کے دائرے میں رہے۔ انہوں نے وکلا اور کارکنوں سے کہا کہ وہ ہوشیار رہیں، کیونکہ قائدین کے تحفظ کے لیے کسی بھی وقت کال دی جا سکتی ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے اپنے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ڈیرہ اسماعیل خان اور اسلام آباد کی رہائش گاہوں سے سکیورٹی اہلکار ہٹانے کا حکم ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اور مولانا اسعد محمود پر درجنوں خودکش حملے ہو چکے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایک طرف دھمکی آمیز خط (تھریٹ لیٹر) اور دوسری طرف سکیورٹی کی واپسی سے حکومت کیا پیغام دینا چاہتی ہے۔
جے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ حکومت واضح کرے کہ سکیورٹی اچانک کس کے حکم پر ختم کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ قائد جمعیت کو کسی قسم کا نقصان پہنچا تو اس کی ذمہ داری وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پر ہوگی۔
اسلم غوری نے دعویٰ کیا کہ مولانا فضل الرحمان کے پرسنل سیکریٹری اور ان کے خاندان کے خلاف جھوٹی ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ ان کے مطابق رات گئے پرسنل سیکریٹری کی گرفتاری کے لیے اسلام آباد میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ انہوں نے سوال کیا کہ جے یو آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیوں کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ جماعت اپنے قائد کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، اور اس فیصلے کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کارکنوں کے خلاف "ریاستی دہشت گردی" کا مقابلہ کیا جائے گا۔ جے یو آئی نے کارکنوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
حکومت یا وزارت داخلہ کی جانب سے سکیورٹی واپس لینے یا ناکہ بندی کے حوالے سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔





