اسلام آباد: وفاقی حکومت نے اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اور 31 دسمبر 2026 تک شہر کے تمام کاروباری مراکز اور دکانداروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک کرنے کا ہدف مقرر کر دیا ہے۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے واضح کیا ہے کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے کسی بھی محکمے میں نقد رقم وصول نہیں کی جائے گی۔
یہ فیصلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد منصوبے سے متعلق اجلاس میں کیا گیا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر داخلہ کی خصوصی ہدایات پر منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم سے وعدہ کیا تھا کہ اسلام آباد کو پاکستان کا پہلا کیش لیس شہر اور دنیا کا پہلا کیش لیس دارالحکومت بنایا جائے گا۔





