کیلیفورنیا: گوگل ایک ایسے فیچر پر کام کر رہا ہے جس کی مدد سے صارفین ایک ہی فون نمبر کو دو مختلف اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز میں استعمال کر سکیں گے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ اینڈرائیڈ اتھارٹی کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کا نام "اینڈرائیڈ فاسٹ سوئچ" ہے، اور اس کا ذکر گوگل کی سم مینیجر ایپ کے کوڈ میں ملا ہے۔ رپورٹ کے مطابق فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے دونوں فونز میں ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے سائن ان ہونا ضروری ہوگا۔
اس وقت دو فونز رکھنے والے صارفین کو عموماً دو الگ نمبر استعمال کرنے پڑتے ہیں، کیونکہ ایک سم کارڈ کو بار بار ایک فون سے دوسرے میں منتقل کرنا مشکل ہوتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیچر ایپل کے حال ہی میں متعارف کرائے گئے اس فیچر سے ملتا جلتا ہے، جس کے ذریعے ایک نمبر دو آئی فونز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ تاہم آئی فونز میں یہ سہولت صرف ای سم کے ذریعے اور صرف امریکا اور برطانیہ میں دستیاب ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں کہ اینڈرائیڈ کا یہ فیچر تمام فونز پر کام کرے گا یا صرف چند ماڈلز تک محدود ہوگا۔ رپورٹ میں یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ گوگل اسے کب تک متعارف کرائے گا، تاہم اس کے جلد آنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔





