جکارتہ: انڈونیشیا میں مٹھائیاں بنانے والی ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے ہیں، جبکہ تقریباً 30 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق آگ ہفتے کی شام صوبہ بنتن کے علاقے سیکانڈے میں واقع کنفیکشنری فیکٹری "پی ٹی فونسوا اگونگ مولیا" کی ایک عمارت میں لگی۔ یہ علاقہ دارالحکومت جکارتہ سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے۔ فیکٹری انتظامیہ کے مطابق ہفتے کی شفٹ کے دوران فیکٹری کمپلیکس میں تقریباً 300 افراد موجود تھے۔
صدارتی مشیر برائے محنت نے صحافیوں کو بتایا کہ آتشزدگی میں 24 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی اطلاعات سے لگتا ہے کہ آگ ایئرکنڈیشنر میں شارٹ سرکٹ سے لگی، تاہم اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹری میں حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو کو طلب کیا جائے گا۔
بنتن کے سرچ اینڈ ریسکیو ادارے کے سربراہ کے مطابق پیر کو بھی امدادی کارروائیاں جاری رہیں، تاہم ملبے میں باقی رہ جانے والی آگ اور عمارت کے غیر مستحکم ڈھانچے کی وجہ سے امدادی اہلکاروں کو خطرات کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 29 افراد کے محفوظ ہونے کی تصدیق ہوئی ہے، جن میں سے پانچ کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ امدادی ٹیمیں اب تک 24 لاشیں نکال چکی ہیں۔ پولیس کے مطابق آگ کی شدت کی وجہ سے لاشیں ناقابلِ شناخت ہیں، اس لیے اہلِ خانہ کے ڈی این اے نمونے لیے جا رہے ہیں، اور اس عمل میں کئی ہفتے لگ سکتے ہیں۔
یہ فیکٹری یونائیٹڈ فیملی فوڈ کی ملکیت ہے، جس نے فوری طور پر تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔ کمپنی میں تقریباً پانچ ہزار افراد کام کرتے ہیں، اور اس کی مصنوعات میں مٹھائی کا برانڈ "ملکیتا" اور نوڈلز "لیمونیلو" شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دسمبر 2023 میں انڈونیشیا کے جزیرے سولاویسی کے علاقے موروالی میں نکل پگھلانے والی فیکٹری کی بھٹی میں آگ لگنے سے 21 مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔




