اسلام آباد: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ اگر پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کو ناجائز سمجھتی ہے تو آصف علی زرداری کو صدارت کے عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے نئے صوبوں سے متعلق بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئینی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے انتظامی صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حق میں ہے، اور کسی بھی ایسے طرزِ عمل کی مذمت کرتی ہے جو خون خرابے کا سبب بنے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 1972 میں لسانی بل پیش کیا تھا، اور اس کے نتیجے میں فسادات اور خون خرابہ ہوا۔ ان کے مطابق ایسے کسی بھی رویے کی اصلاح ہونی چاہیے جو تشدد کی طرف لے جائے۔
پیپلز پارٹی کے حکومتی کردار پر سوالات
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی 2024 کے عام انتخابات کی بینیفشری ہے، اور اب بھی حکومت کا حصہ ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر پیپلز پارٹی کے نزدیک یہ حکومت ناجائز ہے تو بتایا جائے کہ آصف زرداری کن ووٹوں سے صدر منتخب ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خیبر پختونخوا میں گورنر راج غلط طریقے سے نافذ ہوا، تو اس کی منظوری بھی آصف زرداری نے دی تھی، اور اس وقت بھی صوبے کے معاملات پیپلز پارٹی کا گورنر چلا رہا ہے۔
بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آج وہ پی ٹی آئی سے ہمدردی ظاہر کر رہے ہیں، تو پھر پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی کی حکومت کیوں گرائی تھی؟
حافظ نعیم الرحمان نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور سندھ میں بدعنوانی جاری ہے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ کراچی کے میئر کے انتخاب میں ہیرا پھیری کی گئی، اور کراچی سے پیپلز پارٹی کی قومی اسمبلی کی سات نشستیں درست طریقے سے حاصل نہیں کی گئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو ان نشستوں کے فارم 45 سامنے لائیں۔
بلدیاتی انتخابات کا التوا اور حکومت سے مذاکرات
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات چھٹی مرتبہ ملتوی کیے گئے ہیں، اور اس کی براہِ راست ذمہ داری وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کی وجہ سے حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کر سکی۔ ان کے مطابق حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات کا آخری دور کل ہوگا۔





