نیویارک: معروف ویڈیو گیم گرینڈ تھیفٹ آٹو 6 (جی ٹی اے 6) کل 19 نومبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جا رہی ہے۔ مختلف رپورٹس کے مطابق اس موقع پر دنیا بھر میں لاکھوں ملازمین اور طلبہ کے دفاتر اور تعلیمی اداروں سے غیر حاضر رہنے کا امکان ہے۔
اس رجحان کے لیے "جی ٹی اے فلو" کی اصطلاح استعمال کی جا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق گیم کے مداح اسے کھیلنے کے لیے بیماری کی چھٹی یا سالانہ تعطیلات لینے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف امریکا میں ریلیز کے دن تقریباً 15 لاکھ افراد دفاتر سے چھٹی کر سکتے ہیں۔ اس سے امریکی معیشت کو پیداواری صلاحیت کی مد میں کروڑوں ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق گیم کے لانچ کے قریب مختلف ممالک میں سالانہ چھٹیوں کی درخواستوں میں مجموعی طور پر 32 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ بھارت میں یہ شرح تقریباً 60 فیصد ہے۔
برطانوی ایچ آر پلیٹ فارم برائٹ ایچ آر کے تجزیے کے مطابق نومبر اور دسمبر کے دوران برطانیہ میں اس گیم کے لیے تقریباً 83 ہزار دنوں کی چھٹیوں کی درخواستیں جمع کرائی گئی ہیں۔ امریکا کے روچیسٹر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ایک تحقیق کے مطابق ملازمت پیشہ گیمرز میں سے 10 فیصد نے ریلیز کے دن دفتر نہ جانے کا فیصلہ کر لیا ہے، اور مزید 30 فیصد چھٹی لینے پر غور کر رہے ہیں۔
گیم جمعرات کو ریلیز ہو رہی ہے، اس لیے بہت سے افراد 19 اور 20 نومبر کی چھٹی لے رہے ہیں تاکہ انہیں چار دن کا ویک اینڈ مل سکے۔ رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی لاجیٹیک سمیت بعض کمپنیوں نے اپنے ملازمین کے لیے خود ہی چھٹی کا اعلان کر دیا ہے۔
راک اسٹار گیمز کی اس سیریز کا نیا حصہ 13 سال بعد ریلیز ہو رہا ہے۔ اس کا پچھلا حصہ جی ٹی اے 5 سن 2013 میں ریلیز ہوا تھا۔ گیم ابتدا میں مخصوص پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگی۔ ایک تخمینے کے مطابق یہ گیم ریلیز سے پہلے ہی ایک ارب 18 کروڑ ڈالر کما چکی ہے۔





