لاہور: پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کہا ہے کہ وہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پاکستان کا وزیراعظم بنتا دیکھ رہی ہیں۔
لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں اپنی کھوئی ہوئی سیاسی جگہ دوبارہ حاصل کرنا ہوگی۔ ان کے مطابق صوبے میں آج بھی پارٹی کے لیے سیاسی گنجائش موجود ہے، اور عوام پیپلز پارٹی سے محبت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں صرف شخصیات کے سہارے نہیں چل سکتیں، بلکہ مضبوط تنظیمی ڈھانچے اور کارکنوں کی محنت پر توجہ دینا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو سیاسی عمل میں شامل کرنا اور رضاکارانہ نظام کو فروغ دینا بھی ضروری ہے۔
فریال تالپور نے کہا کہ وہ فی الحال نشستوں کی بات نہیں کر رہیں، تاہم پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنی چاہیے۔
خواتین کی گرفتاریوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ خواتین کو جیل میں نہیں ہونا چاہیے، اور مردوں کا حساب مردوں سے لیا جائے، خواتین کو اس میں شامل نہ کیا جائے۔





