پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے 14 بڑے شہروں میں الیکٹرک بس سروس شروع کرنے کا منصوبہ تیار کرلیا ہے، جس کے تحت ابتدائی مرحلے میں پشاور، ایبٹ آباد، مردان، نوشہرہ، سوات اور کوہاٹ میں الیکٹرک بسیں چلانے کی تجویز دی گئی ہے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ خیبرپختونخوا کے مطابق منصوبے کے حوالے سے متعلقہ حکام سے فیزیبلٹی رپورٹس اور دیگر ضروری تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں تاکہ مختلف شہروں میں الیکٹرک بس سروس کے اجرا کے امکانات، ضروریات اور انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے۔
منصوبے کے دوسرے مرحلے میں صوبے کے دیگر بڑے شہروں کو بھی الیکٹرک بس سروس میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد مجموعی طور پر 14 شہروں میں جدید الیکٹرک بسیں چلانے کا ہدف ہے۔منصوبے کا مقصد شہری ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ تاہم بسوں کی تعداد، روٹس، منصوبے کی لاگت اور آغاز کے شیڈول سے متعلق حتمی تفصیلات فیزیبلٹی رپورٹس کی تکمیل کے بعد سامنے آئیں گی۔





