لاہور: اداکارہ دُرِفشاں سلیم نے لاہور میں ڈیزائنر کنول ملک کے برائیڈل شو میں بطور شو اسٹاپر ریمپ واک کی۔
اتوار کو ہونے والے اس شو میں کنول ملک نے اپنا برائیڈل کلیکشن "زیب النسا" پیش کیا، جس میں دُرِفشاں سلیم نے سرخ رنگ کا عروسی لباس زیبِ تن کیا۔
ریمپ واک کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے مداحوں نے اداکارہ کو ان کے ڈرامے "درِ نجات" کے کردار "زریاب" کے نام سے بھی پکارا۔
یہ ریمپ واک ایسے وقت میں ہوئی جب اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والا ڈرامہ "درِ نجات" کامیابی سے جاری ہے۔ ویورشپ ٹریکر "ٹرینڈنگ ڈرامز" کے مطابق 14 نومبر کو اپ لوڈ ہونے والی ڈرامے کی 31ویں قسط کو یوٹیوب پر 50 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ چینل کے مطابق اکتوبر میں 23 اقساط کے بعد ڈرامے کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مجموعی ویوز ایک ارب 70 کروڑ سے تجاوز کر گئے تھے۔
عمیرہ احمد کے تحریر کردہ اور ثاقب خان کی ہدایت کاری میں بنے اس ڈرامے میں دُرِفشاں سلیم کے مدِمقابل شہریار منور ہیں، جبکہ نمیر نواز خان بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ کہانی زریاب کے گرد گھومتی ہے، جس کا زامل کے ساتھ رشتہ ٹوٹ جاتا ہے اور پھر اس کی زندگی ابوبکر سے جڑ جاتی ہے۔
دُرِفشاں سلیم 2024 میں ڈرامہ "عشق مرشد" میں بلال عباس خان کے ساتھ شبرا اور ڈرامہ "کھائی" میں زمدا کے کردار ادا کر چکی ہیں۔ دونوں کرداروں پر انہیں 24ویں لکس اسٹائل ایوارڈز میں ویورز چوائس کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔





