سابق لیجنڈری بھارتی کپتان راہول ڈریوڈ اور جارح مزاج بلےباز ویندر سہواگ کے بیٹے انڈر 19 ایشیاکپ میں پاکستان کے مدمقابل آسکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق آریاویر سہواگ اور انوے ڈریوڈ بھارتی انڈر 19 اسکواڈ میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ 5 سے 14 نومبر تک عمان میں کھیلا جائے گا جبکہ بھارت اور پاکستان کا گروپ میچ 8 نومبر کو شیڈول ہے تاہم بھارتی ٹیم کا حتمی اسکواڈ تاحال اعلان نہیں کیا گیا۔
وریندر سہواگ کے بیٹے آریاویر اوپننگ بیٹر ہیں جنہوں نے 2024 میں کوچ بہار ٹرافی کے دوران میگھالیہ کے خلاف شاندار 297 رنز بنا کر توجہ حاصل کی تھی۔
دوسری جانب سابق کپتان راہول ڈریوڈ کے چھوٹے بیٹے انوے وکٹ کیپر بیٹر ہیں، انہوں نے رواں سال کے آغاز میں سری لنکا انڈر 19 کے خلاف 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں نوجوان حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف بھارت کی انڈر-19 یوتھ ون ڈے سیریز کا بھی حصہ تھے۔
انڈر 19 ایشیاکپ کے گروپ اے میں بھارت اور پاکستان کے ساتھ نیپال اور متحدہ عرب امارات بھی شامل ہیں۔
گزشتہ سال انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دی تھی۔





