اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جدید اور بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی بہتری کیلیے کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کے سیکٹر ڈی 12 کے قریب ایک جدید اور بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
مارگلہ کی پہاڑیوں کے دلکش منظر میں بننے والے اسٹیڈیم میں 35000 نشستوں کی گنجائش ہوگی جبکہ منصوبے پر 8.9 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔
سی ڈی اے کی جانب سے منصوبے کے فیز 1 کو ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے تاکہ اسٹیڈیم 'آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈکپ 2028' کے میچز کی میزبانی کرسکے۔





