کراچی: ڈراما سیریل "درِ نجات" میں امان گجر کا کردار ادا کرنے والے اداکار شہریار منور کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کو صدر آصف علی زرداری کی جوانی یاد آ گئی ہے۔ ڈرامے کے ایک اور کردار بیلا میں صارفین کو بے نظیر بھٹو کی جوانی کی جھلک دکھائی دے رہی ہے۔
ڈرامے کی حالیہ قسط میں شہریار منور ماضی کے مناظر میں امان گجر کے روپ میں نظر آئے۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے کہا کہ امان گجر کی شکل و صورت اور انداز آصف زرداری سے حیرت انگیز مشابہت رکھتے ہیں، جبکہ بیلا کا ہیئر اسٹائل اور حلیہ بے نظیر بھٹو کی نوجوانی سے ملتا جلتا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ امان گجر نے ہوبہو صدر مملکت کا انداز اپنایا ہے۔ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ لُک آصف زرداری کی جوانی سے متاثر ہو کر اپنایا گیا، یا یہ اس دور کا عام فیشن تھا، یا محض اتفاق ہے۔ بعض صارفین نے کہا کہ اگر کبھی آصف زرداری کی زندگی پر بائیوپک بنی تو شہریار منور ان کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
ڈرامے کی ٹیم کی جانب سے اس مشابہت پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔ واضح رہے کہ "درِ نجات" کو عربی زبان میں ڈب کر کے عرب ٹی وی چینل ایم بی سی پر بھی نشر کیا جائے گا۔





