لاہور: بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 ہزار 339 بھارتی سکھ یاتری اتوار کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔
واہگہ بارڈر پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، اور دیگر حکام نے یاتریوں کا استقبال کیا۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے بھارتی سکھ یاتریوں کو تقریباً 3100 ویزے جاری کیے تھے۔
سرحد پر یاتریوں کے لیے امیگریشن اور سامان کی جانچ کے خصوصی کاؤنٹرز، اور کرنسی تبدیل کرنے کی سہولت فراہم کی گئی۔ سکیورٹی کے لیے رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے۔ یاتریوں کو سخت سکیورٹی میں تین قافلوں کی صورت میں ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا۔
تقریبات 23 اور 24 نومبر کو ہوں گی۔ مرکزی تقریب 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی، جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سمیت وفاقی اور صوبائی وزرا شرکت کریں گے۔ تقریبات میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 20 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔ اس موقع پر بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی رسومات ادا کی جائیں گی، اور نگر کیرتن کا جلوس بھی نکالا جائے گا۔
صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سکھ یاتریوں کی مذہبی رسائی کے لیے کرتارپور راہداری فوری طور پر دوبارہ کھولی جائے۔ واضح رہے کہ بھارت نے مئی 2025 کی پاک بھارت کشیدگی کے دوران کرتارپور راہداری سے آمدورفت معطل کر دی تھی۔
بھارت سے آنے والے سکھ رہنماؤں نے کہا کہ سکھ برادری پاکستان سے عقیدت اور احترام کا گہرا رشتہ رکھتی ہے، اور یہاں ان کے مذہبی مقامات محفوظ اور اپنی اصل حالت میں ہیں۔ دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے وفد کے سربراہ نے کہا کہ یہ ان کے گرو کی سرزمین ہے۔
شیڈول کے مطابق یاتری 25 نومبر کو فاروق آباد میں گوردوارہ سچا سودا جائیں گے، جس کے بعد حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 27 نومبر کو وہ نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، اور 29 اور 30 نومبر کو لاہور کے تاریخی گوردواروں کی زیارت کریں گے۔ یاتری یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس روانہ ہوں گے۔





