کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ سندھ میں اپنی جماعت کی حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بہت کام ہوا ہے، تاہم بہتری کی کافی گنجائش بھی موجود ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ان کی کارکردگی کو جانچنا عوام کا کام ہے، چیئرمین پی سی بی کا نہیں۔
نئے صوبوں سے متعلق اپنے بیان پر ردعمل کے بارے میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ایک طرف بحث شروع کی جاتی ہے اور دوسری طرف کہا جاتا ہے کہ فیصلہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر فیصلہ ہو چکا ہے تو پھر بحث کس بات کی ہے، اور ان کی رائے پر اعتراض کیوں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ کیا انہیں اپنی رائے کے اظہار کی بھی آزادی نہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ریفرنڈم کی بات کرنے والے ریفرنڈم کرا بھی سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ سندھ کی تقسیم کا نعرہ لے کر کراچی سے باہر نکل کر دیکھیں۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ کچھ سیاستدان خاموش رہنے کو بہتر سمجھتے ہیں، اور کچھ کی تاریخ یہ رہی ہے کہ وہ جیل جانے کے بعد اپنا مؤقف بدل لیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہیں، لیکن پارلیمنٹ میں پہلے دن سے ان سے یہ کہتے آ رہے ہیں کہ سیاسی مسائل کا حل سیاستدانوں کو خود نکالنا چاہیے۔
کراچی سے متعلق ایک سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کا موازنہ کسی اور شہر سے نہیں کیا جا سکتا۔ ان کے مطابق ملک میں کوئی اور شہر ایسا نہیں جسے ایک ساتھ چار ادارے چلا رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا انتظام کے ایم سی، کے پی ٹی، سندھ حکومت اور ڈی ایچ اے کے پاس ہے، اور شہر کے اپنے مسائل ہیں جو دیگر شہروں کے نہیں۔
کراچی میں سیف سٹی کیمروں سے متعلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلے جو لوگ کیمرے نہ ہونے پر تنقید کرتے تھے، اب وہی کیمرے لگانے پر تنقید کر رہے ہیں۔ ان کے بقول اس کی وجہ یہ ہے کہ اب ان کے جرائم پکڑے جا رہے ہیں۔





