کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملکی نظام خود تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کیا گیا، جس کے ذمہ دار ہم سب ہیں، اور نظام کی بہتری کے لیے سیاسی ری سیٹ ضروری ہے۔
کراچی پریس کلب میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نظام کی تباہی کی بات لاہور سے شروع ہوئی، لیکن کوئی یہ نہیں پوچھتا کہ نظام کیوں تباہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ خرابیوں کی وجوہات جانے بغیر صرف علاج تجویز کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق ری سیٹ غیر سیاسی نہیں بلکہ سیاسی ہونا چاہیے، کیونکہ سیاستدان عوام کے نمائندے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو عوام کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔
معاشی صورتحال پر تشویش:
بلاول بھٹو نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے باعث ملک مشکلات کا شکار ہے، اور انہوں نے اپنی زندگی میں اتنے خراب معاشی حالات نہیں دیکھے۔ ان کا کہنا تھا کہ غربت، بے روزگاری اور مہنگائی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اور آنے والے دنوں میں مشکلات مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ سفید پوش خاندانوں کا گزارا مشکل ہو گیا ہے، لوگ بجلی کے بل دیکھ کر خوفزدہ ہیں، اور انہیں بچوں کی تعلیم اور دو وقت کی روٹی میں سے ایک کا انتخاب کرنا پڑ رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاستدان ہر موضوع پر بات کرتے ہیں مگر عوامی مسائل پر توجہ نہیں دیتے، اور نفرت اور تقسیم کی سیاست کے بجائے غربت، بے روزگاری اور مہنگائی کے خاتمے پر توجہ دینا ہوگی۔
صحافیوں کی برطرفیاں اور میڈیا کی آزادی:
چیئرمین پیپلز پارٹی نے صحافیوں کی برطرفیوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں ایک نجی ٹی وی چینل نے 25 صحافیوں کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے، جس سے 50 خاندان متاثر ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی سچ بولنے سے پہلے قانونی کارروائی سے خوفزدہ ہیں، اور پیکا سمیت مختلف قوانین کے باعث میڈیا پر دباؤ بڑھا ہے۔ انہوں نے صحافیوں سے میڈیا قوانین میں اصلاحات کے لیے تجاویز طلب کیں، اور کہا کہ یہ تجاویز پارلیمنٹ اور سندھ اسمبلی میں اٹھائی جائیں گی۔
اپوزیشن کی حب الوطنی پر سوال ناانصافی ہے:
بلاول بھٹو نے کہا کہ پارلیمنٹ میں بحث اور اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے، اور اختلاف کا جواب گولی، بندوق یا دھمکیوں سے نہیں دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کی بنیاد پر اپوزیشن کی حب الوطنی پر شک کرنا پارلیمان اور ملک کے ساتھ ناانصافی ہے۔





