اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمان سے رابطہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے مولانا کی مبینہ نظربندی اور جے یو آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی مذمت کی۔
بیرسٹر گوہر نے مولانا فضل الرحمان سمیت تمام قائدین اور کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت میں سیاسی جماعتوں کے عوام سے رابطوں پر پابندی سوالیہ نشان ہے، اور سیاسی جماعتوں کو جمہوری کردار سے روکنا جمہوریت کے لیے نیک شگون نہیں۔
سابق وفاقی وزیر آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے مولانا فضل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطے میں ان کے خلاف جاری مہم اور مبینہ نظربندی کی کوششوں کی مذمت کی، اور مولانا اور جے یو آئی سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف کی بنیاد پر انتقام اور کردار کشی قابلِ افسوس ہے، اور مولانا فضل الرحمان کو عوام سے رابطے اور اپنا مؤقف پیش کرنے سے محروم کرنا جمہوری اصولوں کے منافی ہے۔ انہوں نے جے یو آئی کے گرفتار رہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ سی سی پی او لاہور نے لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو نہ گرفتار کیا گیا ہے اور نہ ہی نظربند کیا گیا ہے، جبکہ آج لاہور پولیس نے ان کی گرفتاری کے دعوے کی بھی تردید کی تھی۔ جے یو آئی کی کال پر ملک بھر میں ہونے والا احتجاج آج ختم ہو گیا ہے۔





