پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے ہری پور کو خیبرپختونخوا سے الگ کرکے اسلام آباد میں شامل کرنے سے متعلق اطلاعات کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے کی جغرافیائی حدود، وسائل اور آئینی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ ہری پور کو صوبے سے الگ کرنا محض انتظامی تبدیلی نہیں بلکہ خیبرپختونخوا کے آئینی، آبی اور مالی حقوق کو متاثر کرنے کا معاملہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہری پور اور صوابی دونوں تربیلا ڈیم سے جغرافیائی طور پر منسلک ہیں، جبکہ ڈیم کی بجلی پیدا کرنے والی تنصیبات دریائے سندھ کے دونوں کناروں پر واقع ہیں۔ ہری پور کو صوبے سے الگ کرنے کی صورت میں خالص پن بجلی منافع سمیت متعدد آئینی اور مالی معاملات متنازع ہوسکتے ہیں۔
اے این پی کے مرکزی صدر کے مطابق آئین کے آرٹیکل 161(2) کے تحت خیبرپختونخوا کو خالص پن بجلی منافع کا حق حاصل ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی حکومت واضح کرے کہ مجوزہ تبدیلی سے صوبے کے این ایف سی میں حصے، وسائل، آبادی، اراضی اور ترقیاتی حقوق پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔ایمل ولی خان نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 239(4) کے تحت کسی صوبے کی جغرافیائی حدود میں تبدیلی کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی منظوری لازمی ہے، وفاقی حکومت یا کوئی دوسرا ادارہ یکطرفہ طور پر صوبے کی حدود تبدیل نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت اگر اس حوالے سے کوئی منصوبہ رکھتی ہے تو اس کی مکمل تفصیلات، قانونی بنیاد اور آئینی و مالی اثرات عوام اور پارلیمان کے سامنے لائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی سرزمین اور وسائل صوبے کے عوام کی امانت ہیں اور ان کے مستقبل کا فیصلہ بھی عوام ہی کریں گے۔





