کیوپرٹینو: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے کہا ہے کہ اس کے سسٹمز میں کی گئی ایک اپ ڈیٹ کی وجہ سے منگل 17 نومبر کو آئی کلاؤڈ، ایپل پے اور دیگر سروسز متاثر ہوئیں۔ کمپنی کے مطابق اس تعطل کی وجہ سائبر حملہ نہیں تھا۔
ایپل کے مطابق خرابی امریکا میں منگل کی صبح شروع ہوئی۔ کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ بیان جاری ہونے تک بیشتر سسٹمز بحال ہو چکے تھے، اور باقی سروسز کی بحالی پر کام جاری تھا۔ این بی سی نیوز کے مطابق امریکی وقت کے مطابق شام 6 بجے تک ایپل کے اسٹیٹس پیج پر کوئی خرابی ظاہر نہیں ہو رہی تھی۔ کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ اپ ڈیٹ کا کون سا حصہ خرابی کا سبب بنا، یا کتنے صارفین متاثر ہوئے۔
آن لائن سروسز کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر پاکستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر امریکا سے ایپل پے میں خرابی کی تقریباً 2 ہزار 300 شکایات درج ہوئیں، جبکہ آئی کلاؤڈ سے متعلق شکایات کی تعداد ایک ہزار 800 تک پہنچ گئی۔
ایپل کے اسٹیٹس پیج پر ایپ اسٹور، ایپل میوزک، آئی کلاؤڈ میل اور ایپل کیئر سمیت کئی دیگر سروسز میں خرابی بھی ظاہر کی گئی۔ نیویارک اور شکاگو کے ایپل اسٹورز کے عملے نے این بی سی نیوز کو بتایا کہ اسٹور کا سافٹ ویئر کام نہیں کر رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ نہ تو خریداری مکمل کر سکے اور نہ ہی اپوائنٹمنٹس بک کر سکے۔
امریکا میں ٹیکنالوجی کی خرابیوں کا سلسلہ
ایپل کی سروسز ایسے وقت میں متاثر ہوئیں جب امریکا میں حالیہ دنوں میں کئی بڑی ٹیکنالوجی خرابیاں سامنے آ چکی ہیں۔ مائیکروسافٹ کی سروسز میں خرابی سے کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کی ای میل متاثر ہوئی، جبکہ جمعے کو امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مواصلاتی نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں پروازیں روک دی گئیں۔ فلائٹ اویئر کے مطابق اس روز تقریباً 6 ہزار پروازیں منسوخ ہوئیں۔
یونائیٹڈ ایئرلائنز کو بھی تکنیکی خرابی کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ جے پی مورگن چیز میں سافٹ ویئر کے مسئلے سے بعض بینکنگ سروسز متاثر ہوئیں۔ متعلقہ کمپنیوں اور حکام کا کہنا ہے کہ ان واقعات کا تعلق سائبر حملوں سے نہیں، اور ان کا آپس میں بھی کوئی تعلق نہیں۔





