کیلیفورنیا: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے دوسرے فولڈ ایبل اسمارٹ فون "آئی فون ڈوؤ 2" میں فیس آئی ڈی، بہتر کیمرا سسٹم اور پہلے سے پتلا ڈیزائن متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے۔ تاہم رپورٹس کے مطابق تکنیکی مشکلات کے باعث فیس آئی ڈی کی سہولت 2028 تک مؤخر ہو سکتی ہے۔
ٹیکنالوجی صحافی مارک گرومن کی رپورٹ کے مطابق آئی فون ڈوؤ 2 کی رونمائی 2027 کے موسم خزاں میں متوقع ہے، تاہم اس کے فیچرز اور ڈیزائن میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔ ایپل نے ان تفصیلات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
فیس آئی ڈی سب سے بڑا چیلنج:
رپورٹ کے مطابق ایپل نئے فون میں فیس آئی ڈی شامل کرنے کو ترجیح دے رہا ہے، تاکہ صارفین فون کھولے بغیر چہرے کی شناخت سے اسے ان لاک کر سکیں۔ موجودہ ماڈل میں یہ کام پاور بٹن میں نصب ٹچ آئی ڈی سے ہوتا ہے۔
کمپنی اس فیچر کے مختلف پروٹوٹائپس تیار کر چکی ہے، لیکن ٹرو ڈیپتھ کیمرا سسٹم کو فون کی بیرونی اسکرین میں نصب کرنا انجینئرز کے لیے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ مقررہ وقت میں یہ کام مکمل نہ ہوا تو اسے 2028 میں متوقع آئی فون ڈوؤ 3 تک مؤخر کیا جا سکتا ہے۔
دیگر متوقع تبدیلیاں:
رپورٹ کے مطابق ایپل الگ ایکشن بٹن دینے کے بجائے کیمرا کنٹرول بٹن کے لانگ پریس فنکشن کو بہتر بنانے پر غور کر رہا ہے، تاکہ صارفین اسے اپنی پسند کی ایپ کھولنے کے لیے استعمال کر سکیں۔
کمپنی دور کی اشیا کی بہتر تصاویر کے لیے ٹیلی فوٹو لینس شامل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ فیچر اسی ماڈل میں آئے گا یا بعد میں۔ اس کے علاوہ فون کی موٹائی اور وزن کم کرنے پر بھی کام جاری ہے، لیکن پتلے ڈیزائن میں نئے کیمرے، فیس آئی ڈی اور بیٹری کے لیے جگہ بنانا ایک چیلنج ہوگا۔
ایپل کے اسمارٹ گلاسز:
مارک گرومن کے مطابق ایپل اپنے پہلے اسمارٹ گلاسز پر بھی کام کر رہا ہے، جن کا اندرونی کوڈ نام N50 ہے، اور انہیں 2027 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ ان میں کیمرے، بہتر آڈیو، مقناطیسی چارجنگ اور سری کی سہولت شامل ہو سکتی ہے، جن کی مدد سے صارفین اردگرد کی اشیا کی شناخت، گفتگو کا ترجمہ اور راستوں کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق پہلے اسمارٹ گلاسز میں الگ ڈسپلے نہیں ہوگا، اور ان کی زیادہ تر پراسیسنگ منسلک آئی فون کے ذریعے کی جائے گی۔





