پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کا کوئی عہدیدار گورنر راج کے تحت قائم ضلعی اور تحصیل کوآرڈینیشن کمیٹیوں میں شامل نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں کا حصہ بننے والے افراد کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوگا۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ اے این پی اصولی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اقتدار کے بجائے صوبے کے حقوق کو ترجیح دیتی ہے۔ گورنر راج کے نفاذ کے باوجود امن و امان کی بہتری اور کرپشن کے خاتمے کے لیے کوئی عملی اقدامات سامنے نہیں آئے۔
انہوں نے تجاوزات کے خلاف آپریشن میں دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ طاقتور اور کمزور طبقے کے لیے الگ الگ قانون اپنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این ایف سی ایوارڈ، اٹھارویں آئینی ترمیم اور معدنی وسائل پر صوبائی خودمختاری کے حوالے سے اے این پی کے تحفظات برقرار ہیں۔
سینیٹر ایمل ولی خان نے الزام عائد کیا کہ نئے صوبوں کی بحث اور اسلام آباد میں مائنز اینڈ منرلز سمٹ صوبے کے آئینی و معاشی حقوق کو متاثر کرنے کی کوششیں ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اے این پی صوبے کے حقوق اور معدنی وسائل کے تحفظ کے لیے اپنا سیاسی و جمہوری کردار جاری رکھے گی۔





