پوزالو: اٹلی کے جزیرے سسلی کی پوزالو بندرگاہ پر حکام نے مالٹا جانے والے جہاز پر سوار ہونے کے لیے پہنچنے والی ایک گاڑی سے 377 جانور تحویل میں لے لیے۔
پیر کو شائع ہونے والی رپورٹس کے مطابق کسٹمز حکام اور اٹلی کی مالیاتی پولیس نے جہاز پر سوار ہونے کے مقام کے قریب تلاشی کے دوران 300 کچھوے اور 77 طوطے برآمد کیے۔
حکام نے کہا کہ گاڑی میں جانوروں کے لیے مناسب جگہ اور درجہ حرارت برقرار رکھنے کا انتظام موجود نہیں تھا۔ جانوروں کے ڈاکٹروں نے بھی ان حالات کو نامناسب قرار دیا۔ برآمد ہونے والے طوطوں میں سے 76 محفوظ انواع سے تعلق رکھتے تھے۔
اطالوی خبر رساں ادارے انسا کے مطابق جانور منتقل کرنے والے مالٹا کے شہری کے خلاف مبینہ خلاف ورزیوں کی رپورٹ استغاثہ کو بھیج دی گئی۔ اس کے پاس محفوظ جنگلی حیات کی تجارت کے لیے درکار سائٹس دستاویزات موجود نہیں تھیں۔
راگوسا کی عدالت نے ضبط شدہ جانور واپس کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ انہیں مناسب سہولت میں منتقلی تک ایک افزائشی مرکز کی نگہداشت میں رکھا گیا ہے۔





