پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں ایک طویل قانونی جنگ کے بعد تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر لیا گیا۔ 17 نومبر کو تینوں رہنما ضمانت قبل از گرفتاری کی توثیق کے لیے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں عدالت نے ان کی ضمانت منسوخ کردی۔ پولیس نے عدالت کے احاطے میں ہی گرفتاری کی کوشش کی، تاہم تینوں رہنما پولیس کی گرفت سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے اور فوری طور پر پشاور ہائی کورٹ پہنچ گئے۔
پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس نے تینوں رہنماؤں کی درخواستوں پر عبوری ریلیف دیتے ہوئے انسداد دہشت گردی عدالت کا ضمانت منسوخی کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔ تاہم ہائی کورٹ سے ریلیف ملنے کے باوجود ان کی مشکلات ختم نہ ہوئیں۔ پولیس نے تینوں کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کرنے کی تیاری کرلی، جبکہ ایس ایس پی آپریشنز کی جانب سے میڈیا نمائندوں کو تھری ایم پی او کے احکامات کی نقول بھی دیکھائی گئی پولیس کی جانب سے گرفتاری کے لیے کارروائی شروع ہونے کے بعد تینوں رہنماؤں اور ان کے وکلا کو ایک بار پھر قانونی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔
اس دوران تینوں رہنماؤں نے چار گھنٹے سے زائد قانونی جدوجہد کی، تاہم گرفتاری کے معاملے پر پارٹی قیادت کی جانب سے مؤثر قانونی اور سیاسی معاونت نہ ملنے کی صورتحال بھی سامنے آئی۔ گرفتاری سے قبل تیمور سلیم جھگڑا نے پارٹی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سے رابطے کی کوشش کی، لیکن رابطہ نہ ہونے پر انہیں آڈیو پیغام بھیجا اور آگاہ کیا کہ وہ گرفتاری دینے جا رہے ہیں۔
تیمور سلیم جھگڑا نے گرفتاری سے قبل اپنے وکیل کے ذریعے میڈیا کے لیے ایک تحریری بیان بھی تیار کروایا، جس میں انہوں نے مقدمے کی نوعیت، اپنی نامزدگی اور عدالتی کارروائی سے متعلق مؤقف پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں ابتدا میں انہیں نامزد نہیں کیا گیا تھا، بلکہ مقدمہ درج ہونے اور ٹرائل شروع ہونے کے تقریباً تین سال بعد ان کا نام شامل کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ 9 مئی اور ریڈیو پاکستان کے واقعات میں ان کا کوئی کردار نہیں، جس کا ثبوت یہ ہے کہ ابتدائی تفتیش میں انہیں ملزم نہیں بنایا گیا تھا۔
تیمور جھگڑا کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت سے ضمانت منسوخ ہونے کے بعد انہوں نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا، جہاں چیف جسٹس نے عبوری بنیادوں پر انہیں ریلیف فراہم کیا، لیکن اس کے باوجود انہیں بتایا جا رہا تھا کہ تھری ایم پی او کے احکامات کے تحت انہیں گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا تحریری بیان شام چھ بجے تیار کیا گیا تھا تاکہ اگر پولیس نے عدالت سے باہر نکلتے ہی گرفتاری کا فیصلہ کیا تو وہ خود گرفتاری دینے کے لیے تیار ہوں۔
تیمور سلیم جھگڑا کے تحریری بیان کا اہم پہلو پارٹی قیادت کی موجودہ صورتحال سے متعلق ان کا اظہارِ تشویش تھا۔ انہوں نے لکھا کہ پارٹی کی موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہیں یقین نہیں کہ قیادت میں سے کتنے لوگ ان کے لیے مؤثر آواز اٹھائیں گے، تاہم اس سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور وہ عمران خان کے لیے آواز اٹھاتے رہیں گے۔
اپنے بیان کے اختتام پر تیمور جھگڑا نے امید ظاہر کی کہ حالات بہتر ہوں گے اور کہا کہ قانون ہمیشہ کے لیے غائب نہیں ہوتا۔ ان کے اس بیان کے بعد پی ٹی آئی کی اندرونی صورتحال، مشکل وقت میں پارٹی رہنماؤں کو ملنے والی سیاسی و قانونی حمایت اور قیادت کے کردار سے متعلق سوالات ایک بار پھر زیر بحث آگئے ہیں۔





